پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن

image

گورنر اسٹیٹ بینک کا بیان، زرِمبادلہ کے ذخائر بہت جلد 9 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے، ایک سال پہلے مہنگائی 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ کی تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ انھوں نے کہا مہنگائی تیزی سے نیچے آ رہی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 8 ارب امریکی ڈالر تک بڑھ گئے ہیں اور بہت جلد زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بنک کا مزید کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کافی حد تک کم ہو گیا ہے۔ روپیہ مستحکم ہونے سے بے یقینی کی صورت حال بھی کم ہوئی ہے۔ پاکستان کے دوطرفہ اور کثیر الجہتی شراکت دار اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، اسٹاک مارکیٹ بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

ایک سال قبل پاکستان کو ایک انتہائی چیلنجنگ میکرو اکنامک ماحول کا سامنا تھا، مہنگائی 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے تھے اور زر مبادلہ کی شرح بہت دباؤ میں تھی۔ مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ پر دباؤ کو کم کرنے کیلئے شرح سود 22 فیصد تک بڑھا دی گئی حکومت نے غیر ضروری موجودہ اخراجات کو روک کر مالیاتی استحکام کا کام بھی کیا ہے۔