نیند کی کمی وزن کم کرنے میں رکاوٹ کا باعث

image

وزن کم کرنے کیلئے پرسکون نیند بے حد ضروری، نامکمل نیند اور جسم کے تھکے رہنے سے وزن میں اضافہ، نیندکی کمی سے آپ کا جسم توانائی کیلئے چربی جلانے کے بجائے جمع کرنا شروع کر دیتا ہے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آج کل موٹاپا ایک عام بیماری بن گئی ہے اور بہت سارے لوگ اس بیماری کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہیں۔ لوگ موٹاپا کم کرنے کیلئے خوراک میں کمی اور مختلف قسم کی ورزشیں بھی اپناتے ہیں۔ طبی ماہرین نے اب موٹاپا کم کرنے میں رکاوٹ کا باعث بننے والے عمل کی نشاندہی کر دی ہے۔ 

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی وزن میں کمی کی رفتار کو روک سکتی ہے۔ نامکمل نیند اور جسم کے تھکے رہنے سے وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔ موسمِ گرما کو وزن کم کرنے کیلئے بہترین موسم قرار دیا جاتا ہے۔ اس دوران وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد پہلے سے کئی گنا زیادہ خود کو متحرک رکھنے اور سخت محنت کیلئے خود کو ذہنی طور پر تیار کرتے ہیں۔ 

طبی ماہرین کے مطابق مناسب نیند ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے بے حد ضروری ہوتی ہے، جبکہ نامناسب نیند ذہنی تناؤ سمیت پیٹ پر چربی اور وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت محنت، ورزش اور بہتر خوراک کے باوجود وزن کم نہ ہونے کے نتیجے میں آپ کی نیند قصوروار ہو سکتی ہے۔ نیند سے محرومی کے باعث آپ کا جسم توانائی کیلئے چربی جلانے کے بجائے جمع کرنا شروع کر دیتا ہے، اس کے نتیجے میں آپ ایک دن میں کم کیلوریز جلا سکتے ہیں۔