کھلاڑیوں کی فٹنس پر توجہ دیں گے: اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود

image

اسسٹنٹ کوچ ٹیم پاکستان اظہر محمود کی میڈیا سے گفتگو، غیر ملکی لیگز کھیلنے والے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول چیک کرنے کے نئے طریقے پر تبادلہء خیال، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو اسمارٹ ڈیوائسز سے مانیٹر کیا جائے گا۔

لاہور: ( اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کچھ کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے جا رہے ہیں۔ انہیں ڈیوائسز دیں گے جن سے پتہ چلے گا کہ وہ ہفتے میں کتنے اوور کھیل رہے ہیں اور ان کا فٹنس معیار کیا ہے؟ اظہر محمود نے کہا کہ کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کو آسٹریلیا اور بھارت کے مقابلے میں لانا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 20 میں کم از کم 190 رنز کا ٹارگٹ رکھنا ہوگا۔ کل کے میچ میں بھی ہمیں 200 رنز کرنے چاہیئیں تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں ان سے سیکھیں گے، ہمارے پاس ٹیلنٹ کی نہیں بلکہ رہنمائی کی کمی ہے۔

اظہر محمود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا مقصد ایک ہے کہ پاکستان ٹیم کو کس طرح اوپر لے کر جائیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ کس میتھڈ کی کرکٹ کھیلی جا رہی ہے اور کیا پلان کر سکتے ہیں؟ کاکول میں دی جانیوالی ٹریننگ فزیکل فٹنس کی ٹریننگ تھی۔ کھلاڑیوں کو انجریز کرکٹ کھیلنے کے دوران ہوئیں۔ اگر وہ زخمی ہوتے تو انہیں پہلے میچ میں ہی نہ کھلاتے۔ اعظم خان بھی نیٹ پریکٹس کے دوران زخمی ہوئے۔