حیدرآباد موٹروے کی تکمیل ترجیح، اسلام آباد سے گلگت اور سکردو تک موٹروے پہنچائیں گے: عبدالعلیم خان

image

وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ ناردرن علاقوں کیلئے بھی موٹروے بنانا چاہتے ہیں، اسلام آباد سے گلگت، اسکردو تک موٹروے پہنچائیں گے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک)  تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں پٹرولنگ آفیسرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد دو تین ترجیحات بنانے کی کوشش کی، سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے رہتی ہے، سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل میری ترجیح ہے، وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ ناردرن علاقوں کیلئے بھی موٹروے بنانا چاہتے ہیں، اسلام آباد سے گلگت، اسکردو تک موٹروے پہنچائیں گے، موٹروے کی تکمیل علاقے کیلئے گیم چینجر ہوگی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے کیلئے کام کرنے والے بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں، کبھی کسی نے نہیں کہا موٹروے پولیس کے افسر نے رشوت مانگی، موٹروے پولیس نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، موٹروے پر آنے والے لوگ ایمانداری سے اپنا چالان ادا کرتے ہیں، کبھی کسی نے پیسے موٹروے کے افسر کو دینے کی کوشش نہیں کی۔ امید ہے یہی روایت دیگر اداروں میں بھی بڑھاسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ نوجوانوں کیلئے آج بہت بڑا دن ہے، پاسنگ آؤٹ میں شریک تمام لوگوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے اپنے حلف کو بھی یاد رکھنا ہے،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے موٹروے کے 289 افسران کو ایک ماہ کی تنخواہ انعام دینے کا اعلان بھی کیا، واضح رہے کہ تربیت مکمل کرنے والے 189 موٹروے پولیس افسران پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک ہوئے جبکہ ایف آئی اے کے 100 اہلکار بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے، پاس آؤٹ ہونے والوں میں 26 خواتین بھی شامل ہیں۔