کینیڈین وزیراعظم کی پنجابی میں تقریر وائرل

image

کینیڈا میں خالصہ ڈے کی تقریبات، جسٹن ٹروڈو کا سکھوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، کینیڈین وزیراعظم کے بیان پر انڈین میڈیا میں آگ لگ گئی۔

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں خالصہ ڈے کی تقریب میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے سامنے سکھوں نے خالصتان کی آزادی کے نعرے لگا دیئے ہیں۔ تقریب میں جسٹن ٹروڈو پنجابی بولتے رہے اور انہوں نے سکھوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی ”آزادی“ کا تحفظ کریں گے۔ کینیڈین وزیراعظم کے اس بیان اور خالصتان کے حق میں نعرے لگنے پر بھارتی ذرائع ابلاغ میں شور مچ گیا ہے۔

جسٹس ٹروڈو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آباد 8 لاکھ سے زائد سکھوں کے حقوق کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ سکھوں کی اقدار کینیڈا کی اقدار ہیں۔ ملک بھر میں سکھوں کے گردواروں اور کمیونٹی سینٹرز کو زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ اتوار کو خالصہ ڈے کی تقریب کے دوران خالصتان کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔

کینیڈین وزیر اعظم نے سِکھوں کو یقین دلایا کہ کینیڈین حکومت ہر طرح کے امتیاز کے خلاف ان کے تمام حقوق اور آزادیوں کو ہر حال میں تحفظ فراہم کرے گی۔ خالصہ ڈے کی تقریب میں کنزرویٹیو لیڈر پیئرے پوئلیویئر، نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر جگمیت سنگھ اور ٹورونٹو کی میئر اولیویا چو نے بھی شرکت کی۔ خالصہ ڈے بیساکھی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ سِکھوں کے نئے سال کا جشن ہے۔ بھارت میں خالصتان تحریک شروع ہونے کے بعد اس دن کی ایک اضافی اہمیت بھی پیدا ہوگئی ہے۔