سعودی دارالحکومت ریاض میں شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات

image

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بل گیٹس کو دورہء پاکستان کی دعوت، ملاقات کے دوران پولیو کے خاتمے میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، پاکستان میں بل گیٹس فاؤنڈیشن سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد پارٹنر ہے۔ 

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ بل گیٹس اور شہباز شریف کے مابین ملاقات ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔ 

دوران ملاقات شہباز شریف اور بل گیٹس نے پاکستان اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کیلئے کام جاری رکھنے کی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے انتھک محنت کر رہا ہے۔ 

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو ویکسین کے پروگرام کو سراہا۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچانے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد پارٹنر ہے۔