وزیرِاعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا چھٹا اجلاس

image

پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی منظوری، اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران کی شرکت، وزیرِ اعلیٰ نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کا حکم بھی دیا ہے۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے چھٹے اجلاس میں دفعہ 144 کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ 

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں، مڈل مین اور آڑھتیوں کو کسان کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل اور پروفیشنل لوگوں کا ایک پول بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب کابینہ نے فری ادویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ 

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ری کنسیلی ایشن سیل کے 14 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کنٹریکٹ پالیسی میں ترمیم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں جو انڈسٹری اور سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اسے نہیں روکا جائے گا۔ پنجاب کی صوبائی کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیر، چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی ہے۔