گوگل پاکستان میں 50 اسمارٹ اسکول قائم کرنے کیلئے پر عزم

image

اساتذہ کیلئے خصوصی تربیت لازم قرار، گوگل فار ایجوکیشن‘ ٹیم نے اپنے مقامی پارٹنر ’ٹیک ویلی‘ کے ہمراہ سیکریٹری تعلیم سے ملاقات کی، پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل، 3 مئی کو روانہ کیا جائے گا۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) گوگل نے اسلام آباد میں 50 اسمارٹ اسکول قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسمارٹ اسکولز 30 ہزار گوگل فار ایجوکیشن آئی ڈیز سے لیس ہوں گے جن میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) اور بہتر تعاون اور پیداواری صلاحیت کیلئے ڈیجیٹل ٹولز جیسی خصوصیات شامل ہوں گی۔

’گوگل فار ایجوکیشن‘ ٹیم نے اپنے مقامی پارٹنر ’ٹیک ویلی‘ کے ہمراہ سیکریٹری تعلیم سے ملاقات کی اور حکومت کو پاکستان کے تعلیمی شعبے کیلئے آنے والے منصوبے پیش کیے۔ ملاقات کے دوران کئی دیگر اقدامات پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گوگل فار ایجوکیشن ٹولز پر اساتذہ کی ورکشاپس، پبلک گوگل ریفرنس اسکول کے قیام سمیت 2 ہزار نوجوانوں کو گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس کے ذریعے ملازمت دینے کے امور زیرِ بحث آئے۔ 

دوسری جانب پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں جسے 3 مئی کو روانہ کیا جائے گا۔ مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلاء میں بھیجا جائے گا۔ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ پاکستان کا تاریخی سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب کیو‘ 3 مئی کو دوپہر 12 بجکر 50 منٹ پر چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے چاند کے سفر کیلئے خلا میں بھیجا جائے گا۔ چاند پر بھیجنے کا مشن انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔