امریکہ تارکین وطن کو قبول کرنے سے نہیں گھبراتا: صدر جو بائیڈن

image

صدارتی مہم کیلئے عطیات جمع کرنے کی تقریب، امریکی صدر نے ڈیموکریٹک پارٹی کے آئندہ منشور پر روشنی ڈالی، امریکی خارجہ پالیسی سے متعلق بھی اہم نکات پر تفصیلی بات چیت کی۔ 

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹک پارٹی کیلئے عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مفادات پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، چین، روس اور جاپان کی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ یہ چاروں ممالک اجنبیوں سے خوفزدہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی افرادی قوت کا خیر مقدم کرنے کے معاملے میں یہ ممالک امریکا اور یورپ سے بہت پیچھے ہیں۔

صدارتی مہم کیلئے عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ جامع اور ہمہ گیر ترقی کیلئے افرادی قوت متنوع ہونی چاہیئے۔ امریکہ، یورپ اور کینیڈا نے تارکینِ وطن کو قبول کرنے کے معاملے میں کبھی گبھراہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔ بھارت اور چین کی ترقی کی رفتار تیز رہی ہے جبکہ روس اور جاپان قدرے سُست روی کا شکار رہے ہیں۔ اب بھارت اور چین کو بھی افرادی قوت کے تنوقع کے فقدان سے مشکلات درپیش ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے باصلاحیت افراد کو قبول کرکے کسی بھی معیشت کو قابلِ رشک حد تک مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وباء کے بعد معیشتوں کا بُرا حال تھا۔ امریکہ اور یورپ نے اپنے دروازے تارکینِ وطن پر کبھی بند نہیں کیے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور یورپ میں آج بھی افرادی قوت کا تنوع محض موجود نہیں ہے بلکہ قومی ترقی میں کلیدی کردار بھی ادا کیا جا رہا ہے۔