دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش

image

دبئی ایئرپورٹ سے 13 پرواز منسوخ، دبئی میں صبح 2 بج کر 35 منٹ پر بارش شروع ہوئی، متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل ہے۔ 

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ طوفانی بارش کے باعث دبئی ایئرپورٹ سے 13 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 5 پروازوں کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ دبئی ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مسافروں کو ہوائی اڈے پر آنے سے پہلے ایئر لائن سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 

خلیجی میڈیا کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن نے آج 6 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایمریٹس ایئر لائن نے زحمت کیلئے مسافروں سے معذرت کی ہے، انہیں دوسری پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں اور گرج چمک کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تمام شعبوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسکولوں میں ریموٹ لرننگ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔ 

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق دبئی میں صبح 2 بج کر 35 منٹ پر بارش اور گرج چمک کا سلسلہ شروع ہوا۔ انتظامیہ اور دبئی پولیس امارات کی سڑکوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دبئی پولیس نے متعدد سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔