ورلڈ ٹی20 سے قبل بھارتی اسکواڈ پر تنقید شروع

image

ورلڈ ٹی20 کا یکم جون سے آغاز، ہمسایہ ملک بھارت نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، نوجوان بلے باز رنکو سنگھ کو ڈراپ کرنے پر عرفان پٹھان نے بی سی سی آئی کو آڑھے ہاتھوں لے لیا۔

نئی دہلی: (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024ء یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ ہمسایہ ملک بھارت نے میگا ایونٹ کیلئے اپنے 15 بہترین کرکٹرز کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ 15 رکنی بھارتی اسکواڈ سے متعلق مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بھارت نے میگا ایونٹ کیلئے جس 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، اس میں نوجوان جارح مزاج بلے باز رنکو سنگھ شامل نہیں ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ سے شہرت پانے والے رنکو سنگھ کو  بی سی سی آئی نے 4 ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا ہے۔ سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے اعلان کردہ اسکواڈ میں جارح مزاج بلے باز رنکو سنگھ کو نہ دیکھ کر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ عرفان پٹھان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹی20 ورلڈ کپ کے 15 رکنی بھارتی اسکواڈ میں رنکو سنگھ کو نہ دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ اس نے نہ صرف آئی پی ایل بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز بھی دھماکے دار انداز میں کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ رنکو نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیلئے 2023ء کا غیر معمولی سیزن کھیلا ہے۔ انہوں نے 14 میچوں میں 474 رنز بنائے اور جب انٹرنیشنل کرکٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تو ابتدائی 15 میچز کی 11 اننگز میں 176.23 کی قابل رشک اسٹرائیک ریٹ اور 89 کی ناقابل یقین اوسط سے 356 رنز بنائے۔ اتنی بہترین کارکردگی کے باوجود رنکو کو منتخب نہ کرنا نہ صرف میرے لیے بلکہ خود کرکٹر کے لیے بھی حیران کن سے زیادہ مایوس کن ہے۔