وزیراعلیٰ پنجاب کی جنوبی کوریا کے سفیر کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ملاقات میں کہنا تھا کہ جدید زراعت اور  پیداواری صلاحیت بڑھانے میں کوریا سے تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ دو طرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔

لاہور: (نیوڑ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی کوریا کے سفیر کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جمہوریہ کوریا کے سفیر پارک کیجن نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال اور  باہمی اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زراعت اور مائننگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، جنوبی کوریا کی پنجاب میں آٹوموبل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے معاونت کریں گے جب کہ ویون کاٹن اور کاٹن یارن ٹیکسٹائل سیکٹر میں کوریا کیلئے برآمدات کے مواقع موجود ہیں۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی کے لیے کوریا کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اور الیکٹرانکس، آٹوموبل اور آئی ٹی میں کوریا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔