سعودی عرب کا پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری پلان: وفد کل اسلام آباد پہنچ جاۓ گا

image

سعودی عرب نے زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا، 30 کمپنیوں پر مشتمل اعلی سطح کا سعودی عرب کا وفد کل پاکستان آرہا ہے۔ 

اسلام آباد: (اکنامکس ڈیسک) تین روزہ پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ سعودی عرب سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کا اہم وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان میں اربوں ڈالر کی براہ راست  بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم وفوکل پرسن سعودی شراکت داری مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کادورہ سعودی عرب تاریخی اہمیت کا حامل رہا، حکومتی اور نجی سطح پر سعودی عرب سے تعاون بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پہلے سعودی عرب کے وزراء پاکستان آئے پھر ہمارے وزرا ء سعودی عرب گئے، اب واپس آتے ہی ان کا ایک اور وفد پاکستان آ رہا ہے، اس کے فوری بعد ہمارا وفد پھر سعودی عرب جا رہا ہے۔ مصدق ملک  نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، سعودی عرب نے زراعت ، معدنیات، آئی ٹی،آئل ریفائنری ، سولر، ڈسٹری بیوشن سمیت پاور کے شعبے اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی مذاکرات ہوئے ہیں او دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے گہرے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں ۔ حالیہ دورہ سعودی عرب کامیاب رہا ، پاکستان کے اعلی سطح کے وفد نے سعودی عرب میں 15 اہم ملاقاتیں کی، ملاقات میں پٹرولیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی، سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے اور دورہ سے دونوں برادرممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔