صادق خان تیسری مرتبہ لندن کے میئرمنتخب

image

 

پاکستانی نژاد مسلم سیاست دان کا بڑا اعزاز، مسلسل تیسری مرتبہ میئر لندن منتخب ہوئے، صادق خان نے وزیراعظم رشی سونک سے عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

لندن: (ویب ڈیسک) صادق خان تیسری مرتبہ میئر لندن منتخب ہو گئے ہیں۔ جیتنے کے بعد انھوں نے کہا کہ نفرت کے مقابلے میں امید جیت گئی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو عام انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے۔

میئر لندن نے کہا کہ میں ووٹرز کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، ہم شہر میں ہاؤسنگ کرائسز، مہنگائی اور جرائم کا خاتمہ کریں گے۔ برطانوی لیبر پارٹی کے رہنما سرکیئر اسٹارمر نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم رشی سونک عوام کا فیصلہ سن رہے ہیں، ملک تبدیلی چاہتا ہے۔ ہمیں عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ صادق خان نے تیسری بار لندن کے میئر منتخب ہو کر تاریخ رقم کی ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے سیاست دان بن گئے ہیں۔ انھوں نے ووٹرز کو پیغام دیا کہ وہ لندن کے تمام شہریوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ وہ سب کے میئر بنیں گے۔

صادق خان نے حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی امیدوار سوزن ہال کو بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔ صادق خان نے 48 فیصد ووٹ حاصل کیے اور سوزن ہال نے 33 فیصد ووٹ لیے۔ پاکستانی نژاد بس ڈرائیور کے گھر آنکھ کھولنے والے صادق خان 2016ء میں لندن کے پہلے مسلمان میئر بنے تھے۔