ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا

image

آئی سی سی کی جانب سے ایک اور میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان، وویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 3 اکتوبر سے شروع، میگا ایونٹ کی میزبانی اس مرتبہ بنگلہ دیش کو دی گئی ہے۔

دبئی: (اسپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول میں مینز کے بعد پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کو بھی ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور پاکستان کے علاوہ کوالیفائر ون کی ٹیم شامل ہوگی۔

گروپ بی میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور کوالیفائر 2 شامل ہیں۔ ویمنز ٹیموں کا میگا ایونٹ 3 اکتوبر سے ڈھاکہ میں ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 20 اکتوبر کو بنگالی سرزمین پر ہی کھیلا جائے گا۔

قومی ویمنز ٹیم 6 اکتوبر کو سلہٹ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی۔ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا، 11 اکتوبر کو کوالیفائر ون اور 13 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف مدمقابل آئے گی۔ ٹی20 ورلڈ کپ مینز کے شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔