پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے گھر آمد

image

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے اہل خانہ سے ملاقات، ہمارے رہنماؤں کی ناحق قید جلد ختم ہو جائے گی، قانون کے مطابق ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ایسے الفاظ نہیں جن سے ڈاکٹر یاسمین راشد کو خراج تحسین پیش کروں۔ 

لاہور: (نیوز ڈیسک) سابق اسپیکر قومی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر ڈاکٹر یاسمین راشد کے گھر پہنچے ہیں۔ اسد قیصر نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے بیٹے، خاوند راشد خان اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں جن سے ڈاکٹر یاسمین راشد کو خراج تحسین پیش کروں۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں پارٹی کے نظریے کی حفاظت کرنے والے رہنما ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ناحق قید کاٹنے والے ہمارے رہنماؤں کو رہائی نصیب ہوگی۔ سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ ظلم کی رات بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ 

پانی پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان اور تمام قیدی کارکن جلد رہا ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رہنماؤں کی رہائی کیلئے قانون کے مطابق جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہم کسانوں کا ساتھ دیں گے اور حکومت کو گندم اسکینڈل دبانے کی اجازت نہیں دیں گے۔