دہی میں موجود بیکٹیریا انسانی صحت کیلئے بے حد مفید

image

دہی بلڈپریشر مستحکم رکھنے میں مددگار، دہی کے اندر موجود "پروبائیوٹک" غذا کو زیادہ بہتر طریقے سے ہضم کرنے میں مددگار، دہی کو روزمرہ کا معمول بنا کر کھانے سے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایک حالیہ تحیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خمیرہ شدہ غذائیں انسانی صحت کیلئے بے حد مفید ہوتی ہیں۔ ان غذاؤں میں مفید بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جو بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح کو کم کرنے، سوزش میں کمی لانے اور صحت مند وزن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ خمیر شدہ کھانوں جیسے دہی اور دیگر غذاؤں میں موجود صحت بخش بیکٹیریا یا فنگس معدے کیلئے بھی بے حد مفید ہوتے ہیں۔

دہی دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی مقبول ترین غذاؤں میں سے ایک ہے۔ دہی کو میٹھی یا نمکین لسی کی شکل میں بھی استعمال کیا جاتا ہے جو کہ بہت مقبول، صحت مند اور جسم ٹھنڈا کرنے والا مشروب ہے۔ دہی کو روزمرہ کا معمول بنا کر کھانے سے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے اور جسم کو اسمارٹ بنایا جا سکتا ہے۔ جو لوگ ریگولر جم نہیں جا سکتے تو وہ روزانہ دہی کا استعمال کر کے مطلوبہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ دہی وٹامنز، پروٹین، کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس اور زنک سے بھرپور ہوتا ہے۔ 

محققین کے مطابق دہی بلڈ پریشر کو مستحکم رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ دہی ہڈیاںوں کو مضبوط بناتا ہے اس کے علاوہ جوڑوں میں درد یا اکڑن کا سامنا ہو تو دہی کو اپنی روزمرہ کی غذا میں شامل کر لینا چاہیئے۔ دہی میں موجود "پروبائیوٹک" جز نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور یہ جز غذا کو زیادہ بہتر طریقے سے ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔