اسرائیلی بمباری سے رفح میں مزید 5 فلسطینی بچے شہید

image

اسرائیلی بمباری سے رفح میں مذید 5 فلسطینی بچے شہید، جنگ بندی معاہدے کی تجاویز منظوری کے باوجود اسرائیل نے رفاہ پر حملہ کر دیا، اب تک کم از کم 34,735 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ: (بین الاقوامی ڈیسک) حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی تجاویز منظوری کے باوجود اسرائیل نے رفح پر حملہ کر دیا، ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں 5 بچے شہید ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے غزہ جنگ بندی کی تجاویز منظور کر کے ثالثوں کو جنگ بندی کی منظوری سے آگاہ کر دیا، حماس نے مصری اور قطری ثالث کاروں کو جنگ بندی کی تجویز کے ساتھ اپنے معاہدے سے بھی آگاہ کیا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی منظور کردہ تجاویز اسرائیل کے مطالبات سے دور ہے، لیکن اسرائیلی حکومت مذاکرات کیلئے ایک وفد بھیجے گی ساتھ ہی جنگی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے رفح پر کارروائی جاری رکھیں گے۔ ادھر اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ وہ فریم ورک نہیں ہے جسے ہم نے منظور کیا تھا۔

حماس نے اسرائیل کی طرف سے رفاہ پر حملے کی علامات میں تیزی آنے کے ساتھ ہی اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج یاد رکھے کہ رفح اس کیلئے پکنک پوائنٹ ثابت نہیں ہو گا، بلکہ اسرائیلی فوج کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی، اسرائیلی حملے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، جنگ کا پھیلاؤ بہت خطرناک ثابت ہو گا۔