مارچ کے دوران خدمات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ

image

پاکستان ادارۂ شماریات کی جانب سے اعداد و شمار جاری، گزشتہ برس کے مقابلے ماہانہ بنیادوں پر خدمات کی برآمدات میں 13 فیصد کا اضافہ، پاکستانی روپے میں 20.69 فیصد بہتری کے بعد خدمات کی برآمدات 16 کھرب 50 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) خدمات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ مارچ کے دوران برآمدات میں 6.77 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق خدمات کی برآمدات بڑھ کر 71 کروڑ 7 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ 

گزشتہ برس کے مقابلے ماہانہ بنیادوں پر خدمات کی برآمدات میں 13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔مارچ میں خدمات کی برآمدات 6.20 فیصد بڑھ کر 198 ارب 8 کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ برس اسی مہینے میں برآمدات کا حجم 186 ارب 53 کروڑ روپے رہا تھا۔ 

پاکستانی روپے میں 20.69 فیصد کی بہتری کے بعد خدمات کی برآمدات 16 کھرب 50 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔ حجم مالی خدمات کا حجم سال 2023ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 13 کھرب 60 ارب روپے رہا تھا۔ مالی سال 2023ء میں خدمات کی برآمدات 2.78 فیصد اضافے کے بعد 7 ارب 30 کروڑ ڈالر رہی تھی، جو اس سے پچھلے سال 7 ارب 10 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔