بدتمیزی کرنے پر وفاقی سیکریٹری کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا
محمد عمر ملک کو 15 دن قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا، عمر ملک ایک مقدمے میں مدعی کے طور پر عدالت میں پیش ہوئے تھے، عدالتی حکم کے بعد فیڈرل سیکریٹری کو جیل بھیج دیا گیا۔
راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) تفصیلات کے مطابق عدالت میں بدتمیزی کرنے پر وفاقی سیکریٹری محمد عمر ملک کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وفاقی سیکریٹری راولپنڈی کے سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ عادل سرور سیال کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے عمر ملک کو 15 روز کی قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری محمد عمر ملک ایک مقدمے میں مدعی کے طور پر عدالت پیش ہوئے تھے۔ دوران سماعت عمر ملک نے ہتک آمیز امیز رویہ اختیار کیا جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیا۔ عدالت نے فیڈرل سیکریٹری ٹیلی کام محمد عمر ملک کو بدتمیزی کرنے پر دفعہ 228 کے تحت ٹرائل کر کے قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالتی حکم کے بعد پولیس نے عمر ملک کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق گرفتاری کے بعد فیڈرل سیکریٹری کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے لگایا جانے والا جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں فیڈرل سیکریٹری محمد عمر ملک کو مزید 5 روز قید کی سزا بھگتنا پڑے گی۔