انرجی ڈرنکس کا استعمال جان لیوا

image

کیفین سے بھرپور انرجی مشروبات کولون (بڑی آنت) کے کینسر کا سبب، انرجی ڈرنکس پینے سے دل کی حرکت اچانک بند ہونے کا خطرہ، امیر لوگوں کو غریبوں کے مقابلے میں جینیاتی طور پر کینسر کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) آج کل انرجی ڈرنکس کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے، خاص طور پر نوجوان نسل انرجی ڈرنکس کا استعمال پانی پینے کی طرح کررہی ہے۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ انرجی ڈرنکس کا استعمال آپ کیلئے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے؟ مایو کلینک کی تحقیق میں وارننگ جاری کی گئی ہے کہ انرجی ڈرنکس پینے سے دل کی حرکت اچانک بند ہوسکتی ہے یعنی اس کے استعمال سے (کارڈک اریسٹ) کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

علاؤہ ازیں امریکی محققین نے خبردار کیا ہے کہ کیفین سے بھرپور انرجی مشروبات کولون (بڑی آنت) کے کینسر کا سبب ہوسکتی ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ انرجی ڈرنکس میں موجود اجزاء کا ایسے بیکٹیریا سے تعلق ہوسکتا ہے جو پیٹ میں کینسر کی رسولی کی نمو کو بڑھا سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف فلوریڈا میں کی جانے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے بتایا کہ کینسر کے خلیے ’ٹورین‘ نامی ایک امائنو ایسڈ کو اپنی توانائی کے بنیادی ذریعے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ رواں ہفتے منعقد ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی کینسر کانفرنس میں محققین کی ٹیم نے انسانوں پر کیے جانے والے ایک ٹرائل کا اعلان کیا جس کو اب تک جانوروں پر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ امیر لوگوں کو غریبوں کے مقابلے میں جینیاتی طور پر کینسر کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ فن لینڈ کی یونیورسٹی آف ہیلسنکی میں کی جانے والی اس تحقیق میں سماجی و معاشی مرتبے (ایس ای ایس) اور متعدد امراض کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق وہ افراد جو بہتر سماجی و معاشی مقام رکھتے ہیں ان کے جینیاتی طور پر چھاتی، پروسٹیٹ اور دیگر اقسام کے کینسر میں مبتلا ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔