ڈاکٹر فوزیہ صدیقی بہن سے ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچ گئیں

image

امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی سے ملاقات کے بعد ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کراچی واپس پہنچ گئیں، انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں ہم 3 گھنٹے چیختے رہے، دونوں کے درمیان شیشے کی دیوار تھی۔

کراچی: (قومی ڈیسک) کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ پچھلی دفعہ سے زیادہ کمزور تھی، عافیہ نے بتایا کہ ان کے سر پر الیکٹرک شاکس لگائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ہم 3 گھنٹے چیختے رہے، بیچ میں شیشے کی دیوار تھی۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پچھلی بار ملاقات میں چابی گم ہوگئی تھی اور اس بار فون کام نہیں کر رہا تھا، عافیہ کو لے جانے کے بعد مجھے وہیں چھوڑ دیا گیا۔

فوزیہ صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے وکیل نے افغانستان جاکر تحقیق کی ہے، وہ فیملی بھی مل گئی ہے جس نے عافیہ کو اپنے پاس رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی اور موجودہ حکومت اس جرم میں مکمل شریک ہے، میری حکومت سے یہی درخواست ہے کہ عافیہ کی وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ عافیہ عرصہ دراز سے جس اذیت سے دوچار ہیں اب ان کو وطن واپس لایا جائے۔