ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے: پی ٹی آئی

image

ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے، تحریک انصاف صحافیوں کے ساتھ ہے، حکومت نے کسان کو زمین میں دھنسا دیا۔

لاہور: (قومی ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ہتک عزت بل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان نے پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاکر پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی کیا ہے؟ ہتک عزت بل ان کی 100 دن کی کارکردگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہتک عزت بل پر بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے، پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہونے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن ہتک عزت قانون پر ان کا کیا کردار ہے؟ پیپلز پارٹی کے گورنر بیرون ملک چلے گئے، سپیکر قائم مقام گورنر بنا تو بل پر دستخط کر دیئے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے ہی کہتے تھے ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، تحریک انصاف صحافیوں کے ساتھ ہے، ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ احمد خان کا کہنا تھا کہ گندم نہ خریدنا، کسانوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانا پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی ہے، سو دن میں انہوں نے کینسر ہسپتال کیلئے 30 ارب روپے کا اعلان کیا مگر 30 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے، 30 کروڑ کے فنڈز میں 5 کلومیٹر سڑک نہیں بنتی۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ صحت کارڈ اور کسان کارڈ ہمارے پراجیکٹس تھے، یہ ہمارے ہی منصوبے ہیں جن کو اپنے نام سے شو کر رہے ہیں، 100 دن میں انہوں نے مقدمات کے سوا کچھ نہیں کیا، ان کی 100 دن کی کارکردگی دیکھیں کیا ایک بھی اپنا منصوبہ شروع کیا؟ یہ ہسپتالوں میں ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں۔ تحریک انصاف پرامن جماعت ہے، ان کے 3 ماہ میں پچیس فیصد مہنگائی ہوئی ہے، یہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ وفاق سے مشروط کر رہے ہیں، مہنگائی کے اعتبار سے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ بہت کم ہے۔