افریقہ سے آنے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے باعث 38 لوگ جانحق

image

ماہی گیروں اور مقامی لوگوں نے 78 تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا، جبکہ کشتی میں سوار مزید 100 کے قریب افراد سمندر میں لاپتا ہوگئے۔

تزیز: (ویب ڈیسک) یمن کے ساحل پر افریقہ سے آنے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، جس کے باعث 38 تارکین وطن زندگی کی بازی ہار گئے۔ حکام کے مطابق کشتی پر گنجائش سے زیادہ لوگوں کو سوار کیا گیا تھا، جبکہ کشتی میں سوار افراد صوبے میں ہیضے کی وبا سے بچنے کیلئے جزیرے پر روانہ ہو رہے تھے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یمنی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تارکین وطن کی کشتی عدن کے مشرق میں شبوا گورنری کے ساحل پر پہنچنے سے پہلے ہی حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

مقامی حکام کے مطابق کشتی حادثے میں ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے، واقعے سے متعلق اقوام متحدہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل افریقی ملک موزمبیق میں کشتی ڈوبنے کاواقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 91 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔