پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کا مجموعی قرضہ 17 کھرب روپے تک پہنچ گیا

حکومت نے پی ایس ایز کیلئے 2024-25ء میں 12 کھرب 67 ارب روپے مختص کیے، مالی سال 2023ء میں پی ایس ایز کا قرضہ خاصا کم تھا، اے ڈی بی سے قرضے لینے کے باوجود پی ایس ایز کا قرضہ بڑھ رہا ہے۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ لینے کے باوجود پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کا مجموعی قرضہ بڑھ رہا ہے۔ مالی سال 2024ء کے دوران 43 ارب روپے سے زائد کے اضافی قرضے کے ساتھ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کا مجموعی قرضہ 17 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پی ایس ایز کی نجکاری اور بجٹ پر بھاری بوجھ کو کم کرنا حکومت کی اولین اقتصادی ترجیحات میں شامل ہے۔
معاشی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے پی ایس ایز کیلئے 2024-25ء میں 12 کھرب 67 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 104 فیصد اضافی ہے، اس میں بڑی رقم سبسڈی اور گرانٹس کے ذریعے دی جائے گی۔ 2 جولائی کو جاری ہونے والی اسٹیٹ بینک کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023ء میں پی ایس ایز کا قرضہ خاصا کم تھا۔
مالی سال 2024ء (1 جولائی سے 21 جون) کے دوران پی ایس ایز کا قرضہ 43.5 ارب روپے تھا، جو پچھلے سال میں 260 ارب روپے تھا۔ مالی سال 2023ء کے آخر میں پی ایس ایز کا قرضہ 16 کھرب 87 ارب روپے تھا، جو مالی سال 2024 میں روپے 43.5 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ بڑھ کر 17 کھرب 30 ارب روپے ہو گیا۔