امریکی ریاست ٹیکساس کو ایک اور سمندری طوفان کا سامنا

سمندری طوفان بیرل سے 4 افراد ہلاک، 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے چھتیں اڑا دیں، ساحل سمندر سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ٹیکساس: (ویب ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان ’بیرل‘ نے ٹیکساس اور ہیوسٹن میں تباہی مچا دی ہے۔ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے اور کئی جگہوں پر ہورڈنگز گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ مختلف واقعات میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں 30 لاکھ سے زائد افراد بجلی کی سہولیات سے محروم ہوگئے۔ 1100 سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ امریکی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بلاوجہ گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ نے ساحلوں پر جانے پر پابندی لگاتے ہوئے ماہی گیروں کو واپس بلا لیا ہے۔ میونسپل اداروں، فائر بریگیڈ اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی ترسیل معمول پر لانے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔