چینی صوبے شانزی میں سیلاب کی تباہ کاریاں

شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، پل بہنے سے 11 افراد ہلاک، 30 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
شنگھائی: (ویب ڈیسک) چین کے صوبے شانزی میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث پل گرنے سے 11 افراد ہلاک اور 30 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق پل گرنے کے بعد اب تک 20 گاڑیاں نہیں مل سکیں جبکہ 30 افراد بھی لاپتہ ہیں۔ ہلاک ہونے والے 11 افراد کی لاشیں 5 مختلف گاڑیوں سے ملیں، متاثرہ مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی اور وسطی چین کے بہت سے علاقے ان دنوں شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں جس سے کافی نقصان ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز باؤجی شہر میں ہونے والی بارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے۔ مٹی کے تودے گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 8 لاپتہ ہو گئے تھے۔
ادھر افغانستان کے صوبے ننگرہار میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ بارش سے 400 کچے مکانات تباہ اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ مختلف حادثات میں 350 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔