بھارتی ریاست اترپردیش میں بندروں نے 6 سالہ بچی کی عزت بچا لی

بچی سے جنسی زیادتی کرنے والے درندہ صفت شخص پر بندروں کا حملہ، بچی کے والدین نے ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرا دی، آئے روز جنسی زیادتی میں اضافے کے باعث بھارت کو ریپستان کا نام بھی دیا گیا تھا۔
لکھنؤ: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت میں آئے روز درندگی کے عجیب و غریب واقعات پیش آ رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے باغپت میں پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے علاقے باغپت میں ایک شخص 6 سالہ بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ سنسان جگہ پر لے گیا اور اس سے زیادتی کرنے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بچی کے رونے کی آواز سن کر وہاں موجود بندروں کے ایک جھنڈ نے درندہ صفت شخص پر حملہ کر دیا۔ بندروں کے حملے نے اسے بھاگنے پر مجبور کر دیا جس کے بعد بچی روتی ہوئی اپنے گھر پہنچ گئی۔ بچی کے اہل خانہ نے روداد سننے کے بعد تھانے جا کر واقعے کی رپورٹ درج کرا دی ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی تصاویر حاصل کر لی ہیں۔
پولیس کو ملنے والی تصاویر ایک نوجوان لڑکے کی ہیں جس کا تعلق ایک دوسرے گاؤں سے ہے۔ متاثرہ بچی نے پولیس کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم اس کے بابا کو قتل کرنے کی دھمکی دے کر اسے ساتھ لے گیا۔ پولیس ملزم کو تلاش کر رہی ہے جو تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ واضح رہے کہ آئے روز جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے بھارت کو ریپستان کا نام بھی دیا گیا تھا۔