بالوں میں خشکی دور کرنے کے لٸے گھریلو ٹوٹکے

خشکی کے خاتمے کیلئے بیوٹی پروڈکٹس سے علاج کرنے کی بجائے کچن کی طرف رخ کرنا زیادہ موزوں علاج، پیاز کا رس، لیموں کا رس لہسن کا رس اور ناریل کا تیل بالوں کی جلد پر لگانے سے خشکی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد: مرد و خواتین دونوں کے بالوں کی جڑوں میں خشکی عام پائی جاتی ہے۔ یہ کسی موسم کی پابند نہیں ہوتی ہے بلکہ یہ بالوں کی جِلد میں حملہ آور ہوتی ہے جس کا علاج انتہائی ضروری سمجھا جاتا ہے ورنہ گنجے پن کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے آدمی شرمندگی کا باعث بنتا ہے۔ عام زبان میں خشکی کو سکری بھی کہا جاتا ہے، ماہرین جلد نے کہا ہے کہ خشکی کی سب سے بڑی وجہ شیمپو کا زیادہ استعمال، ذہنی دباؤ، ہر وقت سر کو ڈھانپ کر رکھنا اور شیمپو میں پائے جانے والے کیمیکلز کو قرار دیا جاتا ہے، خشکی کی افزائش بالوں کو صاف نہ رکھنے کی وجہ بھی سامنے آتی ہے۔ بالوں میں خارش اور سفید فنگس خشکی کی عام علامت میں سے ہے، بعض اوقات یہ فنگس کنگھی کرنے کی صورت میں کپڑوں پر بھی گرنے لگتا ہے، خشکی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ٹانک، مہنگے شیمپو اور بیوٹی کاسمیٹکس سے علاج کرنے کی بجائے روزمرہ سبزیوں اور پھلوں کی طرف رخ کرنا زیادہ موزوں ثابت ہوگا۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ اینٹی فنگل کی خصوصیات پیاز میں موجود ہوتی ہیں جو سر میں خشکی جیسے فنگس کا خاتمہ کرتی ہے۔ پیاز کو استعمال کرنے سے پہلے پیاز کا پانی نکال لیں اور پھر سر کے اس حصے پر پانی لگائیں جہاں فنگس اور خشکی کے ذرات پائے گئے ہیں، اس ٹوٹکے سے خشکی سے جَلد ہی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
لیموں میں سِٹرک ایسڈ قدرتی طور پر پایا جاتا ہے جو خشکی کے ذرات کو سر سے نکالتا ہے۔ خشکی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے روئی کو لیموں کے رس میں بھگوئیں اور جہاں جہاں سر کی جِلد پر خشکی ہے تو وہیں لگائیں، اس ٹوٹکے سے خشکی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ لہسن اینٹی بائیوٹک، اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل کی خصوصیت سے مالا مال ہے، سر سے خشکی کا خاتمہ کرنے کے لئے لہسن کو پیس لیں اور سر کی جِلد پر اس کا پیسٹ بنا کرلگائیں، تھوڑی دیر بعد سر کو دھو لیں، خشکی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے یہ ایک بہترین ٹوٹکا ہے۔ ناریل کا تیل سر کی خشکی ختم کرنے کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ خشکی ختم کرنے کے لئے ناریل کا تیل حسب ضرورت لیں اور ہلکا سا گرم کر لیں اور پھر اس میں لیموں کا رس شامل کر کے اس کے بعد سر کے جلد پر اس تیل کو لگائیں اور کچھ دیر کے لئے اس کا مساج بھی کر سکتے ہیں، سر کی خشکی ختم کرنے کے لئے یہ عمل انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔
اینٹی بیکٹریل کی خصوصیات قدرتی طور پر نیم میں موجود ہوتی ہے اور خشکی ختم کرنے کے لئے اس کا تیل معاون ثابت ہوتا ہے، خشکی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے نیم کے تیل سے مساج کریں۔ ہر گھر کے باورچی خانے میں کھانے کا سوڈا اور میٹھا سوڈا پایا جاتا ہے، سر کی جلد سے خشکی ختم کرنے کے لٸے جلد پر قدرتی تیل پیدا کرنے میں معاونت کریں، اس کا طریقہ استعمال یہ ہے کہ کچھ دیر کے لٸے بالوں کو گیلا کر لیں اور کھانے والا سوڈا سر کی جلد پر لگائیں اس کے بعد انگلیوں کے پوروں سے رگڑنا شروع کریں اور کچھ دیر کے لئے اسے چھوڑ دیں، اس کے بعد صاف پانی سے سر دھو لیں۔ اینٹی ڈینڈرف کی خصوصیات انڈے کی زردی میں موجود ہوتی ہے، سر کی جلد پر انڈے کی زردی لگانے سے خارش ختم ہو جاتی ہے اور اس کے علاوہ خشکی سے مکمل طور پر نجات مل سکتی ہے، پروٹین، وٹامنز اور معدنیات کی خصوصیت سے ایلوویرا مالا مال ہے اور اس میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگس کی خصوصیات پاٸی جاتی ہیں۔ سر کی خشکی ختم کرنے کا ایلوویرا کی مدد کا طریقہ یہ ہے کہ ایلوویرا جیل خشکی کے حصوں پر لگائیں اور چند منٹ کے لئے چھوڑ دیں پھر سر دھو لیں، خشکی اس سے ختم ہو جائے گی۔