نواب و دیوان آف جوناگڑھ کا محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر افسوس اور تعزیت کا اظہار

image

 "ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے محسن ہیں، مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی ان تھک کاوشوں اور قربانیوں سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، اُنکی گراں قدر خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، زندہ قومیں اپنے محسنین کو سنہری حروف میں یاد رکھتی ہیں"۔ 

اسلام آباد: (خصوصی نمائندہ) دی ویوز نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق ریاستِ جوناگڑھ کے نواب جناب نواب محمد جہانگیر خانجی اور دیوان آف جوناگڑھ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات قوم کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے۔ مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی ان تھک کاوشوں اور قربانیوں سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا"۔

نواب جہانگیر خانجی اور دیوان ریاست جوناگڑھ سلطان احمد علی کا مزید کہنا تھا کہ "ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے محسن ہیں۔ انکی گراں قدر خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زندہ قومیں اپنے محسنین کو سنہری حروف میں یاد رکھتی ہیں"۔

مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "اللہ تعالٰی مرحوم عبدالقدیر خان کی وفات پر انکے  لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین"۔

یاد رہے کہ ریاستِ جوناگڑھ کے نواب جناب نواب جہانگیر خانجی اور دیوان آف ریاستِ جوناگڑھ صاحبزادہ سلطان احمد علی مِل کر زور و شور سے پاکستان کے ساتھ کئے گئے الحاق نامے (جو قائد اعظم محمد علی جناح اور اُس وقت کے نواب جناب نواب مہابت خانجی کے درمیان پاکستان کے ساتھ جوناگڑھ کا الحاق نامہ دستخط کیا گیا تھا) کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اور بھارتی تسلط کو ختم کرکے اپنا حق واپس لینے کے لئے پوری دنیا میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ اِس جدوجہد کے اندر پاکستان اور جوناگڑھ کو اپنا دیرینہ حق دِلوانے کی خاطر دن رات ایک کرکے اِس مسئلے کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کوشاں ہیں۔ حال ہی میں تھنک ٹینک مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام اِس مسئلے کے حل پر نیشنل لائبریری میں ایک قومی کانفرنس بھی منعقد کی گئی تھی جس میں متفقہ طور پر دیوان آف جوناگڑھ کی جانب سے 14 نکاتی قراردادِ جوناگڑھ بھی پیش کی گئی تھی۔