بلوچستان کے علاقے مچھ سے اغوا ہونے والے کان کنوں میں سے 5 بازیاب

image

نامعلوم مسلح افراد مغوی کان کنوں کو کوئٹہ کے پہاڑی علاقے میں چھوڑ کر فرار، لاپتہ ہونے والے چھٹے کان کن کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری، نامعلوم مسلح افراد نے 6 کان کنوں کو مچھ سے اغوا کیا تھا۔

کوئٹہ: تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ سے اغوا ہونے والے 6 میں سے 5 کان کنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک کان کن تاحال لاپتہ ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد 5 کان کنوں کے کوئٹہ کے پہاڑی علاقے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ 

بازیاب ہونے والے کان کن پہلے کوئلہ کی کان پہنچے، بعد میں انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ کان کن یونین کے صدر محمد اقبال یوسفزئی کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے 6 کان کنوں کو مچھ سے اغوا کیا تھا۔ کان کنوں کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ کان سے کام ختم کر کے سونے کیلئے آ رہے تھے۔ 

کان سے اغوا ہونے والوں میں روزی خان، فرام الدین، امان اللہ، جمال خان، سرتاج اور برکت شامل ہیں۔ اقبال یوسفزئی کے مطابق بازیاب ہونے والے کان کنوں کو کوئٹہ سے مچھ پہنچا دیا گیا ہے۔ لاپتہ ہونے والے چھٹے کان کن کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ اغوا ہونے والے کان کنوں میں سے 4 کا تعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے ہے۔