بی جے پی سماج میں نفرت پھیلا رہی ہے: راہول گاندھی

image

کانگریس سربراہ کی نریندر مودی پر شدید تنقید، بی جے پی پر میڈیا کنٹرول کرنے کا الزام، نریندر مودی کا دور بھارتی اقلیتوں کیلئے مشکل ترین دور ہے۔

واشنگٹن:(ویب ڈیسک) بھارتی کانگریس پارٹی کے سربراہ راہول گاندھی نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیاں بھارتیوں کیلئے اور بالخصوص اقلیتوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی سماج میں نفرت کے بیج بو کر کونسی ترقی کی بات کرتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ مسئلے کی حقیقت یہ ہے کہ چین ہماری حدود پر قبضہ کر رہا ہے۔ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے اور یہ بالکل ناقابل قبول ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اس پر یقین رکھتے نظر آرہے ہیں کہ بھارتی علاقے جو چین کے غیر قانونی قبضے میں ہیں، واپس لینے کی بجائے تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔

راہول گاندھی کا دورہ امریکا وزیراعظم نریندر مودی کے رواں ماہ شیڈول دورے سے کچھ ہفتے قبل ہوا ہے۔ خیال رہے کہ 1960ء میں ہمالیہ کے تنازع پر جنگ کے بعد بھارت اور چین کے درمیان کئی دہائیوں سے تعلقات میں کشیدگی ہے۔ گزشتہ ماہ نریندر مودی نے کہا تھا کہ بھارتی سرحد پر چین کے ساتھ معمول کے تعلقات جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں پڑوسی ممالک کیلئے ضروری ہیں۔