بھارت نے سری لنکا کو شکست دیکر ایشیا کپ جیت لیا

image

بھارت نے سری لنکا کو شکست دیکر ایشیا کپ جیت لیا، بھارت نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر آٹھویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سات اوورز میں 21 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

کولمبو: (سپورٹس ڈیسک) بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر آٹھویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارت نے 51 رنز کا ہدف 6.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے با آسانی حاصل کرلیا۔ اوپنرز ایشان کشان نے 23 اور شبمن گل نے 27 رنز بنائے۔ کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو غلط ثابت ہوا۔ بھارتی بالرز نے سری لنکن بلے بازوں کو سوچنے تک کا موقع فراہم نہ کیا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم محض 15.2 اوورز میں 50 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، جو کسی ون ڈے انٹرنیشل ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم ترین ٹوٹل ہے۔ سری لنکن ٹیم ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں دوسری بار اتنے کم ترین اسکور پر آل آوٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2012 میں جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں سری لنکا کی ٹیم 43 رنز پر آل آوٹ ہوئی تھی۔ سری لنکا کے کپتان سمیت 5 بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کوشل مینڈس 5، پاتھم نسانکا 2، دھننجایا ڈی سلوا 4، ڈونتھ ویلالجے 8، پرمود مدوشن 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سات اوورز میں 21 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں چار وکٹیں ایک ہی اوور میں حاصل کیں، جبکہ ایک میڈان اوور بھی کرایا۔ میچ کے دوران بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج اپنی تباہ کن بولنگ کی بدولت ون ڈے کی تاریخ میں ایک اوور میں 4 وکٹیں لینے والے چوتھے بولر بن گئے۔ ہاردک پانڈیا 3، جبکہ جسپریت بمراہ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔