فلسطین: غزہ میں رہائشی علاقوں پر اسرائیلی بمباری، مزید 120 افراد شہید

image

غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 120 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک اسرائیلی یرغمالی مارا گیا۔

غزہ: (بین الاقوامی ڈیسک) غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 637 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 57 ہزار 296 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 9 ہزار 100 سے زائد بچے اور 6 ہزار 500 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 خواتین بھی شامل ہیں۔

ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں پر صیہونی مظالم میں کوئی کمی نہ آ سکی۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور انتہا پسند یہودیوں کے ہاتھوں 83 بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 324 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 3 ہزار 800 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہیومن افیئرز کے آفس (او سی ایچ اے) اور عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے 31 دسمبر 2023ء تک کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 3 لاکھ 55 ہزار رہائشی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 370 سے زائد تعلیمی مراکز بھی صفحہ ہستی سے مٹادیے گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے کے بعد غزہ کے 36 میں 23 اسپتال مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں۔ 123 ایمبولینسوں اور 203 عبادتگاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ 7 اکتوبر سے 3 جنوری 2024 تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 87 صحافی اپنے جانیں گنوا چکے ہیں۔

دوسری جانب غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے حوالے سے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں ایک فلسطینی حکومت کے قیام پر بات ہو سکتی ہے لیکن یرغمالیوں کی رہائی مکمل جنگ بندی پر ہی ہو گی۔