بھارت میں ہونے والے عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع

image

کانگریسی رہنما راہول گاندھی نے لوگوں سے ووٹ ڈالنے کیلئے باہر نکلنے کی اپیل کر دی، دوسرے مرحلے میں لوک سبھا کی 88 نشستوں کیلئے ووٹنگ جاری، بھارت میں 19 اپریل سے شروع ہونے والے عام انتخابات 7 مراحل میں یکم جون تک مکمل ہوں گے۔

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہونے والے عام انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دوسرے مرحلے کیلئے بھارت کی 13 ریاستوں میں لوک سبھا کی 28 نشستوں کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ دوسرے مرحلے میں کانگریس کے رہنما راہول گاندھی اور ہیما مالنی سمیت کئی قد آور شخصیات الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ 

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کیرالہ کے وائناڈ حلقے سے دوسری مرتبہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسی طرح بھارت کی معروف اداکارہ ہیما مالنی متھرا میں بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ بھارتی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ باہر نکلیں اور زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالیں۔ 

راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی عوام کا ووٹ طے کرے گا کہ اگلی حکومت چند ارب پتیوں کی ہوگی یا 140 کروڑ ہندوستانیوں کی ہوگی۔ واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے عام انتخابات رواں ماہ 19 اپریل کو شروع ہوئے تھے۔ یہ انتخابات 7 مراحل میں یکم جون کو مکمل ہوں گے، انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون کو ہوگا۔