ملک میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

image

ایف بی آر نے ٹیکس چوری روکنے کیلئے جامع حکمت عملی متعارف کرا دی، سیلز ٹیکس کی مد میں سالانہ تقریباً 2 ہزار 900 ارب روپے کی چوری، وفاق اور صوبوں کے اخراجات کا حجم جی ڈی پی کے 19 فیصد کے مساوی، تاہم ٹیکس وصولی 11 اعشاریہ 4 فیصد ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) ملک میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ملک کے مختلف شعبہ جات میں مجموعی طور پر 5 ہزار 800 سو ارب روپے کی ٹیکس چوری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق صرف سیلز ٹیکس کی مد میں سالانہ تقریباً 2 ہزار 900 ارب روپے کی چوری ہو رہی ہے۔ 

اسمگلنگ کے باعث پٹرولیم سیکٹر میں 996 ارب روپے کی ٹیکس چوری، ریٹیل سیکٹر میں 888 ارب اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 562 ارب کا ریونیو گیپ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں سے بھی 498 ارب روپے کم ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ برآمدی شعبے میں 342 ارب کی ٹیکس چوری جبکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بھی سالانہ ایک سو 48 ارب کم ٹیکس وصول ہو رہا ہے۔ 

ملک کے دیگر مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 1600 ارب سے زائد کے ٹیکس گیپ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاق اور صوبوں کے اخراجات کا حجم جی ڈی پی کے 19 فیصد کے مساوی، تاہم ٹیکس وصولی 11 اعشاریہ 4 فیصد ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس چوری روکنے کیلئے جامع حکمت عملی متعارف کروا دی گئی ہے۔