امریکی فوجی نے جڑواں بہنوں سے شادی کر لی

image

2021ء میں ہونے والی شادی کو 3 سال تک خفیہ رکھا گیا، ایک دھڑ اور 2 سر والی جڑواں بہنوں کی شادی امریکی فوجی جوش بولنگ کے ساتھ خفیہ طور پر ہوئی تھی، 34 سالہ جڑواں بہنوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی ہے اور وہ امریکی ریاست مینیسوٹا کے ایک اسکول میں پڑھاتی ہیں۔ 

مشی گن: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق معروف امریکی جڑواں بہنوں ہینسل اور ایبی کی 3 سال قبل ہونے والی شادی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 34 سالہ جڑواں بہنوں کی شادی امریکی فوجی جوش بولنگ کے ساتھ خفیہ طور پر ہوئی تھی۔ 3 سال بعد شادی کی تصدیق دونوں بہنوں کی سوشل میڈیا پروفائل فوٹو سے ہوئی ہے۔ 

پروفائل تصویر میں جڑواں بہنیں عروسی لباس پہنے ہوئے جوش بولنگ کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں جوش بولنگ کے فیس بک پیج پر ایک مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا تھا جس میں جوڑے کو اپنی شادی کے استقبالیہ پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہینسل اور ایبی کی پیدائش 1990ء میں ہوئی تھی۔ 

خیال رہے کہ 34 سالہ جڑواں بہنوں نے ایک دوسرے کے ساتھ جینے کا طریقہ سیکھ لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں بہنوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی ہے اور وہ امریکی ریاست مینیسوٹا کے ایک سکول میں پڑھاتی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی فوجی جوش بولنگ کی ایک شادی پہلے بھی ہو چکی ہے اور وہ ایک بیٹی کے باپ بھی ہیں۔