روہت شرما پاک بھارت سیریز کے حق میں بول پڑے

image

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا بڑا مطالبہ، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے، گیند بلے میں مقابلہ ہو اور پاکستان بھارت آمنے سامنے ہوں تو مزہ آتا ہے۔

نئی دہلی: (اسپورٹس ڈیسک) سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے اپنے پوڈ کاسٹ میں روہت شرما سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے متعلق سوال پوچھا تو بھارتی کپتان نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے کی خواہش ظاہر کر دی۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ بالکل ایسا ہونا چاہیے، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے۔ روہت شرما کا کہنا تھا کہ آخری بار پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ 2007ء میں ہوا تھا، میں پاک بھارت مقابلوں کا حامی ہوں۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مقابلے کرکٹ کیلئے بہت اہم ہیں، میں جو کہہ رہا ہوں وہ صرف کرکٹ کی حد تک ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند بلے میں مقابلہ ہو اور پاکستان بھارت آمنے سامنے ہوں تو مزہ آتا ہے، میں آئی سی سی ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز چاہتا ہوں۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بہترین ہے، پاک بھارت مقابلے اگر تیسرے ملک کی کنڈیشنز میں ہوں تو بہت اچھے میچز ہوں گے۔ واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا پاک بھارت سیریز کرانے کا خواہش مند ہے، چند روز قبل کرکٹ آسٹریلیا نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی میزبانی کر کے اچھا لگے گا لیکن اگلے سیزن کے دوران ایسا ممکن نہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے اگلے سیزن میں آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔