فتوحات کے لحاظ سے کامیاب ترین سابق پاکستانی کپتان عمران خان کا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا

image

فہرست میں بابر اعظم دوسری پوزیشن پر آ گئے، بابر اعظم عمران خان کا ریکارڈ توڑنے سے محض 10 میچز دور، عمران خان نے بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 187 میچز میں قیادت کے فرائض نبھائے جس میں 89 فتوحات درج کیں جبکہ 67 ہارے، 26 ڈرا اور ایک میچ ٹائی ہوا۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کو بطور کپتان سب سے زیادہ میچ جتوانے کا ریکارڈ عمران خان کے پاس ہے جو کہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ بابر اعظم کو اب عمران خان کا ریکارڈ توڑنے کیلئے محض 10 میچز جتوانے کی ضرورت ہے۔ سابق لیجنڈری کرکٹر عمران خان نے بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 187 میچز میں قیادت کے فرائض نبھائے جس میں 89 فتوحات حاصل کیں، 67 میں شکست، 26 ڈرا اور ایک میچ ٹائی ہوا۔

کامیاب ترین کپتانوں کی فہرست میں بابر اعظم دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے بطور کپتان پاکستان کی 138 میچز میں قیادت کی جس میں 79 فتوحات حاصل کیں جبکہ 44 میں شکست، 4 ڈرا اور ایک میچ ٹائی ہوا۔ واضح رہے کہ سابق کپتان مصباح الحق اور انضمام الحق بھی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے بالترتیب 77 اور 63 میچز پاکستان کو جتوائے تھے۔ دوسری جانب کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی 20 کے کئی اہم ریکارڈز بابر اعظم کی جھولی میں گرنے کیلئے تیار ہیں۔

بابر اعظم کو یوگنڈا کے برین مسابا سے بطور کپتان ٹی 20 میں سب سے زیادہ فتوحات کا ریکارڈ چھیننے کیلئے مزید 3 فتوحات درکار ہیں۔ بابر اعظم اب تک 71 میں سے 42 ٹی 20 میچز میں ٹیم کو کامیابی دلا چکے ہیں، مسابا نے 44 میں کامیابی پائی، اسی طرح بطور کپتان انھیں سب  سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رنز کا ریکارڈ ایرون فنچ سے قبضے میں لینے کیلئے مزید 42 رنز بنانے کی ضرورت ہے، ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اس طرز میں فی الحال انہوں نے 65 میچز میں 2195 رنز بنائے ہیں، فنچ نے 2236 رنز اسکور کیے تھے۔

اس کے ساتھ وہ کوہلی کو سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رنز میں پیچھے چھوڑ سکتے ہیں، بابر اعظم نے اب تک 103 اننگز میں  3 ہزار 698 رنز اسکور کیے ہیں۔ مختصر فارمیٹ کے انٹرنیشنل سطح پر سب سے زیادہ رنز کے معاملے میں وہ تیسرے نمبر پر ہیں، ٹاپ پر موجود ویرات کوہلی نے 109 اننگز میں 4 ہزار 37 رنز بنائے ہیں، بھارتی کپتان روہت شرما 143 میچز میں 3 ہزار 974 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ بابر اعظم کو ٹاپ پر پہنچنے کیلئے آنے والی ٹی 20 سیریز میں کم سے کم 340 رنز بنانا ہوں گے، اس صورت میں وہ کوہلی اور روہت شرما دونوں کو ہی پیچھے چھوڑ دیں گے۔