آلودگی پھیلانے میں پلاسٹک انڈسٹری، ایئرلائن انڈسٹری سے بھی بدتر

image

لارنس برکیلے نیشنل لیبارٹری آف کیلیفورنیا کے سائنس دانوں کی تحقیق، گرین ہاؤس گیسز خارج کرنے میں پلاسٹک انڈسٹری کا بہت بڑا کردار، پلاسٹک کی عالمی پیداوار ماحول کو کوئلے سے چلنے والے 600 پاور پلانٹس کے برابر آلودہ کرتی ہے۔ 

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرین ہاؤس گیسز خارج کرنے میں پلاسٹک انڈسٹری کا بہت بڑا کردار ہے۔ آلودگی پھیلانے کے لحاظ سے پلاسٹک انڈسٹری ایئرلائن انڈسٹری سے بھی زیادہ بدتر ہے۔ پلاسٹک انڈسٹری زمین کے ماحول میں ہر سال ہزاروں ٹن گرین ہاؤس گیس خارج کر رہی ہے۔ 

کیلیفورنیا کی لارنس برکیلے نیشنل لیبارٹری کے سائنس دانوں نے ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ پلاسٹک انڈسٹری ہر سال 2.5 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ ماحول میں خارج کرتی ہے، جبکہ ایئرلائن انڈسٹری 1 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتی ہے۔ پلاسٹک ماحول کو گرمانے والی گیسز کی خطرناک مقدار کا سبب بھی بنتا ہے۔ پلاسٹک کی عالمی پیداوار ماحول کو کوئلے سے چلنے والے 600 پاور پلانٹس کے برابر آلودہ کرتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے وقتوں میں زیادہ تر پلاسٹک سے بنی اشیاء کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔ صنعتی تجزیہ کاروں کے مطابق پلاسٹک کی پیداوار 2050ء تک دُگنی ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا ہو جاتا ہے تو عین ممکن ہے اس کے نتیجے میں بڑھنے والی عالمی تپش 38 ہزار ارب ڈالر کا نقصان کا سبب بنے گی اور موسمیاتی تغیر کے بحران کو 3 گُنا بڑھ جائے گا۔