ویڈیو کانفرنس میں اپنا چہرہ دیکھنے سے تھکان میں اضافہ ہوتا ہے: تحقیق

image

یونیورسٹی آف گیلوے آئرلینڈ کے محققین کی تحقیق، تحقیق میں 16 مردوں اور 16 خواتین کو شامل کیا گیا، مطالعہ میں شامل افراد پر الیکٹرواینسیفیلوگرافی (ای ای جی) کا استعمال کرتے ہوئے تجربہ کیا گیا۔

گیلوے: (ویب ڈیسک) ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویڈیو کانفرنس کے دوران اپنا چہرہ دیکھنے سے ذہنی تھکان میں اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیق میں 32 رضاکاروں کو شریک کیا گیا جن میں سے 16 مرد اور 16 خواتین تھیں۔ تحقیق میں شامل افراد پر الیکٹرواینسیفیلوگرافی (ای ای جی) کا استعمال کرتے ہوئے تجربہ کیا گیا۔

آئرلینڈ کی یونیورسٹی آف گیلوے میں کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو لوگ زوم یا ٹیمز پر منعقد ہونے والے اجلاس میں حصہ لیتے ہیں، جب وہ خود کو اسکرین پر دیکھتے ہیں تو زیادہ تھکن میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ تحقیق میں شامل تمام افراد لائیو زوم میٹنگ میں مختلف اوقات میں سیلف ویو موڈ کے ساتھ اور اس کے بغیر شریک ہوئے۔ ای ای جی ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو بغیر نقصان پہنچائے دماغ میں ہونے والی برقی سرگرمی کو ریکارڈ کر کے ذہنی تھکان کی نشان دہی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ویڈیو کانفرنس کے دوران خود کی تصویر دیکھنے سے خواتین مردوں کی نسبت زیادہ تھکان میں مبتلا ہوتی ہیں، تاہم تازہ ترین تحقیق کے نتائج اس کے برعکس ہیں۔ نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ مرد اور خواتین اپنی تصویر دیکھ کر برابر تھکان کا شکار ہوتے ہیں۔