ٹی 20 کا بریڈ مین کون؟

image

محمد رضوان کا اہم کارنامہ، ٹی-20 میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کر لیے، شاہین شاہ آفریدی نے وکٹ کیپر بیٹر کو مختصر فارمیٹ کرکٹ کا ڈان بریڈ مین قرار دے دیا۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں اب تک بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کارنامے پر انہیں اس فارمیٹ کا ڈان بریڈ مین قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ 2 میچز سے باہر ہو چکے ہیں تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے بڑا کارنامہ انجام دیا اور سب سے کم میچز میں 3 ہزار رنز مکمل کر کے ویرات کوہلی اور بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے پر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کھلاڑیوں کے ساتھ محمد رضوان کو پارٹی دی۔ پارٹی میں وکٹ کیپر بیٹر نے کیک کاٹ کر اپنے عالمی ریکارڈ کا جشن منایا۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کو کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے نام سر ڈان بریڈ مین سے تشبیہہ دے ڈالی۔ اسٹار فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ڈان بریڈ مین اور پاکستان کرکٹ کے سپرمین نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

شاہین شاہ نے مزید لکھا کہ ان کی پرفارمنس کے اثرات سے کھیل کا انداز بدلا ہے۔ رضوان ایک چیمپئن اور دوسروں کیلئے مثال ہیں، وہ اپنی اڑان جاری رکھیں۔ واضح رہے کہ ڈان بریڈ مین دنیائے کرکٹ کے وہ واحد عظیم ترین کرکٹر ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کی طرف سے کھیلتے ہوئے 52 ٹیسٹ میچز میں 99.94 کے اوسط سے 6996 رنز بنائے۔