مسجد اقصیٰ کے احاطے میں جانور ذبح کرنے کی کوشش ناکام

image

صیہونی تہوار کے موقع پر جانور اسمگل کرنے والے 13 افراد گرفتار، ملزمان کی عمریں 13 سے 21 سال کے درمیان ہیں، ملزمان کے قبضے سے قربانی کیلئے لائے جانے والے بکرے برآمد کر لیے گئے ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی سیٹلرز کی جانب سے جانور قربان کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صیہونی تہوار کے موقع پر مسجد اقصیٰ کے احاطے میں قربانی کیلئے جانور لائے جا رہے تھے۔ پولیس کی جانب سے اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل بھی ایک اسرائیلی انتہا پسند گروپ "ٹیمپل ماؤنٹ" نے مسجد اقصیٰ میں جانور قربان کرنے سے متعلق اسرائیلی پولیس کو درخواست دی تھی۔ اسرائیلی پولیس نے جانور اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر 13 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں کی عمریں 13 سے 21 سال کے درمیان ہیں۔ 

گرفتار ملزمان کو تحقیقات کیلئے مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے قربانی کیلئے لائے جانے والے بکرے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان بکروں کو صیہونی تہوار کے موقع پر مسجد اقصیٰ کے احاطے میں ذبح کیا جانا تھا۔