ٹک ٹاک پر پابندی کا بل منظور

image

ٹک ٹاک کیلئے بری خبر، امریکی سینیٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی کا بل منظور کر لیا گیا، صدر جوبائیڈن آج بل پر دستخط کریں گے۔

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سینیٹ نے بھی اسرائیل یوکرین پیکج اور ٹک ٹاک پابندی بل کی منظوری دے دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ کی جانب سے اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کی فوجی امداد کیلئے مجموعی طور پر 95 ارب ڈالرز کے امدادی پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ اس بل میں اسرائیل کے لیے 26 ارب ڈالرز بھی شامل ہیں، جبکہ تائیوان سمیت ایشیا پیسفک کیلئے 8 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بل کے حق میں 79 ووٹ جبکہ 18 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیے، جوبائیڈن نے بل کی منظوری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم اور دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے اہم ہے۔ امریکی سینیٹ نے ٹک ٹاک کی زبردستی فروخت کا بل بھی پاس کر کے بائیڈن کو بھیج دیا ہے، بل کے ذریعے ٹک ٹاک پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی چینی پیرنٹ کمپنی سے علیحدگی اختیار کرے۔

سوشل میڈیا کمپنی ٹک ٹاک نے اس پر ردِعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ یہ قانون سازی 170 ملین امریکیوں کے آزادی اظہار کے حقوق کو پامال کرے گی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن آج ان دونوں بلوں پر دستخط کریں گے۔ امریکی اور چینی معاشی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر پابندیاں عائد کرتے آ رہے ہیں۔