روس نے خلا میں ہتھیار رکھنے سے متعلق قرارداد ویٹو کردی

image

روس نے خلا میں ہتھیار رکھنے سے متعلق قرارداد ویٹو کردی، قرارداد کو 13 ممالک کی حمایت حاصل تھی، چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

واشنگٹن: (بین الاقوامی ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا اور جاپان کی جانب سے پیش کی گئی خلا میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف قرار داد کو روس نے ویٹو کردیا۔ ذرائع  کے مطابق روس نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا اور جاپان کی گھناونی سازش ہے جس سے کونسل کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ 15 رکنی سلامتی کونسل میں قرارداد کے حق میں 13 اور روس نے مخالفت جبکہ چین نے حصہ نہیں لیا۔

قرارداد میں تمام ممالک سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ خلا میں جوہری ہتھیاروں یا بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دوسرے ہتھیاروں کو تعینات نہ کریں، جیسا کہ 1967 کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت پابندی عائد کی گئی تھی، جس میں امریکا اور روس شامل تھے۔ امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے ووٹنگ کے بعد کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو کا خلا میں جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ان کی بات کو بڑھاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ روس نیوکلیئر ڈیوائس لے جانے والا ایک نیا سیٹلائٹ تیار کر رہا ہے، اگر پیوٹن کا خلا میں جوہری ہتھیاروں کی تنصیب کا کوئی ارادہ نہ ہوتا تو روس اس قرارداد کو ویٹو نہ کرتا۔ اقوام متحدہ میں روس کے سفیر واسیلی نیبنزیا نے قرار داد کو ’مضحکہ خیز اور سیاست پر مبنی‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔