عزت نفس مجروح کرنے پر انعامی چیک واپس

image

ورلڈ ریکارڈ کی سینچری مکمل کرنے والا ہونہار پاکستانی، کے پی کے وزیر کھیل کا ہتک آمیز رویہ، عرفان محسود نے انعامی چیک واپس کر دیا۔

وانا: (اسپورٹس ڈیسک) جنوبی وزیرستان سے گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ کی سنچری مکمل کرنے والے مارشل آرٹس کے کھلاڑی عرفان محسود نے مشیر کھیل کو 5 لاکھ کا انعامی چیک واپس کر دیا ہے۔ عرفان نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو ہتک آمیز رویہ روا رکھنے پر 5 لاکھ کا انعامی چیک واپس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے پی افسران کا رویہ ہتک آمیز تھا، کھلاڑیوں کو عزت نہیں دے سکتے تو انہیں پیسوں کی خاطر اپنے دفاتر میں نہ بلایا کریں۔

دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ بسمہ معروف نے 276 بینالاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو قومی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 6262 رنز بنائے اور 80 وکٹیں حاصل کیں۔

32 سالہ بسمہ معروف نے کہا ہے کہ اس کھیل کو خیرباد کہہ رہی ہوں جس سے مجھے بہت پیار ہے۔ کرکٹ کا یہ سفر یادگار رہا ہے۔ یہ یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑیوں، فیملی اور پرستاروں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔