پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

image

 

 

کاروبار کے دوران  100 انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی، مارکیٹ 72 ہزار کی حد بھی برقرار نہ رکھ سکی، دن بھر مجموعی طور پر 440 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے  کی جانب سے ٹیکس میں مزید اضافے سے متعلق مطالبے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شدید مندی دیکھی گئی۔ کاروبار کے دوران  100 انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 72 ہزار کی حد بھی برقرار نہ رہ سکی۔ جس سے سرمایہ کار پریشان ہیں۔ 

 مندی کے بعد مارکیٹ دوبارہ بحال ہوئی اور انڈیکس 73 ہزار کی حد تک پہنچ گیا۔ پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 52 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 14 پوائنٹس تنزلی کے بعد 71 ہزار 848 پر آگیا۔ جو گزشتہ روز 73 ہزار 862 پر بند ہوئی تھی۔ تاہم دوپہر تقریباً 11 بج کر 42 منٹ پر مارکیٹ قدرے بحال ہو گئی اور 100 انڈیکس میں 1.12 فیصد یا 827 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دن بھر مجموعی طور پر 440 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔ 180 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جب کہ 199 کے شیئرز میں کمی ہوئی۔ مارکیٹ میں 54 کروڑ 10 لاکھ سے زائد شیئرز کی لین دین ہوئی جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں 19 ارب 73 کروڑ سے زائد مالیت کے شیئرز کے سودے ہوئے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ کی بلند ترین سطح 73,902 جب کہ کم ترین سطح 71,781 پوائنٹس رہی۔