پاک فوج کی کمان تبدیلی کی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوئی

image

پاک فوج کی کمان تبدیلی کی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمان نٸے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سونپ دی، جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے 17 ویں چیف آف آرمی سٹاف کا چارج سنبھال لیا۔

راولپنڈی: پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوئی، سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے چھ برس بعد پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے کردی۔ تفصیلات  کے مطابق  تقریب میں سابق عسکری قیادت اور اعلیٰ فوجی افسران کے اہلخانہ بھی شریک ہوئے، جنرل عاصم منیر پاکستان کے 17 ویں چیف آف آرمی سٹاف ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سولہویں سربراہ کے طور پر 6 سال تک خدمات انجام دیں، اس سے قبل راولپنڈی کور کی کمانڈ سمیت کئی اہم عہدوں پر تعینات رہے۔

جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سینئر ترین تھری سٹار آفیسرہیں، جو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں، انہوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول منگلا سے تربیت مکمل کر کے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، دوران تربیت انہیں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ جنرل عاصم منیر سب سے سینئر لیفٹیننٹ جنرل تھے، ستمبر 2018 میں انہیں دو سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، لیکن دو ماہ بعد چارج سنبھالا۔

 

جنرل عاصم منیر جو حافظ قرآن بھی ہیں، ان کی اسائنمنٹس کا جائزہ لیا جائے، تو وہ مضبوط پروفائل کے ساتھ سامنے آتے ہیں، عاصم منیر منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول پروگرام کے ذریعے سروس میں شامل ہوئے اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، وہ اس وقت سے موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف کے قریبی ساتھی رہے ہیں، جب سے انہوں نے جنرل باجوہ کے ماتحت بریگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوجیوں کی کمان سنبھالی تھی، جہاں اس وقت جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈر ایکس کور تھے، جنرل عاصم منیر 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا خدمات انجام دینے کے بعد 2017ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔