چارجنگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنا کیسا؟

image
موبائل کی چارجنگ کیلئے غیر معیاری چارجر سے اجتناب کرنی چاہیئے، چارجنگ کے دوران موبائل پر مختلف ایپلیکیشنز استعمال کرنے سے موبائل گرم ہو جاتا ہے، غیر معیاری چارجر پر لوڈ آنے سے چارجر گرم ہو کر پھٹ سکتا ہے جس سے آتشزدگی بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) اکثر لوگ چارجنگ کے دوران موبائل فون کو استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن دوران چارجنگ موبائل کا استعمال نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ چارجنگ کے دوران موبائل پر مختلف ایپلیکیشنز استعمال کرنے سے موبائل گرم ہو جاتا ہے جس سے موبائل کے پھٹنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ چارجنگ کے دوران موبائل کو صرف میسجنگ کی حد تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 
موبائل کو چارج کرتے وقت اچھی کوالٹی کے چارجر کا ہی استعمال کرنا چاہیئے، غیر معیاری چارجر سے اجتناب کرنی چاہیئے۔ سستے اور غیر معیاری چارجر ناصرف موبائل فون کی بیٹری کی عمر کو کم کرتے ہیں بلکہ شارٹ سرکٹ کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ ایسے چارجرز جن کے ساتھ ملٹی پورٹ ہوں ان کا استعمال مناسب نہیں ہوتا کیونکہ مختلف موبائلز میں لگی بیٹری کے ایمپیئرز مختلف ہوتے ہیں جس کی وجہ سے چارجر پر لوڈ آتا ہے اور اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ چارجر گرم ہو کر پھٹ جائے۔
ماہرین ہمیشہ مشترکہ چارجر کے بجائے ہر فون کیلئے اس کا مخصوص چارجر ہی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اگر آپ کے موبائل کے ساتھ آنے والا چارجر خراب ہو جائے تو ایسی صورت میں اوریجنل چارجر ہی خریدا جائے خواہ وہ قدرے مہنگا ہی کیوں نہ ہو تاکہ موبائل کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ دوران چارجنگ غیر ضروری ایپلی کیشنز کا استعمال، کالز، ویڈیو ریکارڈنگ وغیرہ سے اجتناب کرنی چاہیئے۔