غزہ میں اسرائیلی ظلم و بربریت کا سلسلہ 6 ماہ سے تھم نہ سکا

image

اسرائیلی فورسزکی غزہ میں بربریت کے 6 ماہ مکمل ہوگئے، تا حال صیہونی فوج کی بمباری رُکی نہ جنگ بندی مذاکرات پر کوئی پیش رفت ہوسکی۔

غزہ: (بین الاقوامی ڈیسک) عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ میں قابض اسرائیل فوج کی مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں نہ تھم سکیں، مختلف علاقوں سے مزید 45 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ انسانی امداد کے لیے بنائے گئے اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق جنگ کے 175ویں دن تک کم از کم 32 ہزار 623 افراد شہید اور 75 ہزار 92 سے زیادہ زخمی ہو چکے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق صحافیوں کی عالمی تنظیم، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 99 فلسطینی صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد، چار اسرائیلی جبکہ 3 لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔

خیال رہے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) کا کہنا  ہے کہ 6 ماہ کے دوران غزہ میں جنگ کی کوریج کرنے والے 16 صحافی زخمی ہوئے، 4 لاپتہ ہیں جبکہ 25 صحافیوں کو اسرائیلی حکام کی طرف سے حراست میں لینے کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں۔